جودھپور۲۰؍جون: (بی این ایس) اتر پردیش کے کیرانہ میں ہندوؤں کے مبینہ نقل مکانی کو لے کر جاری تنازعہ کے درمیان آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے کہا کہ آج کے وقت میں نقل مکانی کی خبریں تکلیف دہ اور پریشان کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کئی حصوں سے نقل مکانی کی خبریں آرہی ہیں جو تکلیف دہ اور پریشان کرنے والی ہیں یہ ہماری اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ہم اس طرح کے لوگوں کے دل سے مایوسی دور کر کر ان میں یہ احساس پید ا کریں کہ یہ ملک ہمارا ہے اور یہ ہماری
زمین ہے۔ یہ باتیں بھاگوت نے 'ہندو سامراج دیوس کے موقع پر جودھپور کے لال ساگر علاقے میں واقع آدرش ودیا مندر میں رضاکاروں کی ایک بھیڑ کو خطاب کرنے کے دوران کہی۔ واضح رہے کہ یہ دن مراٹھا نریش چھترپتی شیواجی کے راج تلک کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیواجی کے وقت بھی ایسی ہی کہیں صورت حال تھی لیکن انہوں نے ہندوؤں کو متحد کیا اور ان میں قومیت اور قربانی کی روح بھری ۔ بھاگوت نےمزید کہا کہ شیواجی کا طور اپنانے کی ضرورت ہے اور آر ایس ایس ایسا ہی کر رہا ہے۔